مسنون نکاح پلیٹ فارم • قانونی اور کمیونٹی معلومات
رہنما اصول و ضوابط (کمیونٹی گائیڈ لائنز)
مسنون نکاح ان سنجیدہ افراد کے لیے بنایا گیا ہے جو خالصتاً شادی کے خواہشمند ہیں۔
ایک باوقار اور مفید ازدواجی کمیونٹی کا دارومدار صرف جدید ٹیکنالوجی پر نہیں، بلکہ اس بات پر بھی ہے کہ صارفین ایک دوسرے کے ساتھ کیسا برتاؤ کرتے ہیں۔
یہ رہنما اصول واضح کرتے ہیں کہ مسنون نکاح پلیٹ فارم استعمال کرنے والے ہر فرد سے کس قسم کے اخلاقی رویے کی توقع کی جاتی ہے، اور کون سی سرگرمیاں پروفائل اور رشتہ فارم کے مسترد ہونے، پابندی، عارضی معطلی یا اکاؤنٹ کے مستقل خاتمے کا سبب بن سکتی ہیں۔
مسنون نکاح کا استعمال کر کے آپ ہمارے قواعد و ضوابط (Terms & Conditions)، پرائیویسی پالیسی اور دیگر نافذ العمل اصولوں کے ساتھ ساتھ ان رہنما اصولوں کی پاسداری کا بھی باقاعدہ اقرار کرتے ہیں۔
۱. ہمارے کمیونٹی معیارات
سنجیدہ ارادۂ نکاح • سچی اور درست معلومات • باوقار اور شائستہ رویہ
مسنون نکاح کو ایک ایسا محفوظ پلیٹ فارم ہونا چاہیے جہاں افراد اور خاندان کسی بھی قسم کی ہراسانی، دھوکہ دہی، غیر سنجیدہ ڈیٹنگ کلچر یا نجی معلومات کے غلط استعمال کے خوف کے بغیر مناسب رشتہ تلاش کر سکیں۔
ہر ممبر سے درج ذیل تین بنیادی اصولوں پر پابندی سے عمل کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے:
- سنجیدہ اور مخلص بنیں: مسنون نکاح صرف اسی صورت میں استعمال کریں جب آپ خود سنجیدگی سے شادی کے خواہشمند ہوں یا خاندان کے کسی سنجیدہ و قابل فرد کے لیے جائز طریقے سے رشتہ تلاش کر رہے ہوں۔
- سچے اور کھرے رہیں: اپنے اور اپنے خاندانی و ذاتی حالات کے بارے میں درست اور حقیقت پر مبنی معلومات فراہم کریں۔ جھوٹ کے سہارے سے آپ وقتی طور پر تو شاید دھوکہ دے سکیں لیکن اس کے منطقی نتائج بہرحال آپ کی توقعات کے برعکس ہی ہونے ہیں۔
- باوقار اور شائستہ رہیں: دوسرے ارکان، ان کے اہلِ خانہ، ان کی پرائیویسی اور ان کے فیصلوں کا دل سے احترام کریں—خواہ رشتہ طے نہ بھی پا سکے۔ اگر کوئی دوسرا معیار سے گر بھی جائے تو بھی آپ اپنا معیار ہرگز نہ گرنے دیں۔اور اس کے رویے کی اطلاع ہمیں دے سکتے ہیں۔
۲. مسنون نکاح صرف شادی کے لیے ہے — وقتی دوستیوں اور ڈیٹنگ کے لیے ہرگزنہیں
پلیٹ فارم کا استعمال صرف اس کے اصل مقصد کے لیے کریں
مسنون نکاح ایک باوقار ازدواجی پلیٹ فارم ہے۔ ہمارا پلیٹ فارم دیگر غیراخلاقی مقاصد کے لئے ہرگز نہیں ہے۔جیسے:
- وقتی دوستی یا ڈیٹنگ (Casual Dating)کے لیے ہرگز نہیں ہے
- غیر اخلاقی تعلقات (Hookups)کے لیے ہرگز نہیں ہے
- تفریح کی غرض سے فلرٹنگ (Flirting)کے لیے ہرگز نہیں ہے
- جنسی نوعیت کی گفتگو یا مطالبات کے لیے ہرگز نہیں ہے
- محض فون نمبرز اکٹھے کرنے کے لیے ہرگز نہیں ہے
- سوشل میڈیا پر فالوورز بڑھانے کے لیے ہرگز نہیں ہے
- غیر سنجیدہ چیٹنگ اور وقت گزاری کے لیے ہرگز نہیں ہے
- کاروباری گاہک تلاش کرنے کے لیے ہرگز نہیں ہے
- سروسز یا پروڈکٹس کی تشہیریعنی ایڈورٹائزمینٹ کے لیے ہرگز نہیں ہے
صارفین کو گفتگو کا آغاز صرف اسی صورت میں کرنا چاہیے جب وہ واقعی شادی کے ایک ممکنہ رشتے کا جائزہ لے رہے ہوں۔ غیر ازدواجی مقاصد کے لیے پلیٹ فارم کا بار بار استعمال اکاؤنٹ پر پابندی یا اسے مستقل ختم کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔
۳. عمر کم از کم 18 سال ہونا لازمی ہے
رشتے کے اکاؤنٹس صرف بالغ افراد کے لیے ہیں
مسنون نکاح پر رشتہ درج کرنے کے لیے آپ کی عمر کم از کم 18 سال ہونا ضروری ہے۔
- 18 سال سے کم عمر کسی فرد کا رشتہ درج نہ کریں ۔
- کسی نابالغ کی عمر کے بارے میں غلط بیانی نہ کریں ۔
- کسی نابالغ کو پلیٹ فارم تک رسائی دینے کے لیے کسی بالغ کا اکاؤنٹ استعمال نہ کریں ۔
اگر مسنون نکاح کو معقول بنیادوں پر شبہ ہو کہ کوئی پروفائل 18 سال سے کم عمر فرد کی ہے، تو معاملے کی چھان بین مکمل ہونے تک پروفائل یا اکاؤنٹ کو معطل کیا جا سکتا ہے۔
۴. سچا اور درست پروفائل بنائیں
آپ کا رشتہ آپ کی اصل شخصیت کا عکاس ہونا چاہیے
آپ کا درج کردہ پروفائل دوسرے فرد یا خاندان کو یہ فیصلہ کرنے میں مدد دیتا ہے کہ آیا بات آگے بڑھانا مناسب ہے یا نہیں۔ جان بوجھ کر کوئی غلط یا گمراہ کن معلومات درج نہ کریں۔
اس میں درج ذیل معاملات پر غلط بیانی شامل ہے:
- عمر
- اصل شناخت
- ازدواجی حیثیت
- رہائشی شہر یا ملک
- شہریت / قومیت
- تعلیم
- پیشہ، ملازمت یا کاروبار
- خاندانی حالات
- مذہبی معلومات
- تصاویر
- دیگر اہم حقائق جو شادی کے فیصلے پر اثر انداز ہو سکتے ہوں۔
تمام معلومات کو سرِعام پبلک کرنا ضروری نہیں، لیکن آپ جو بھی تفصیل فراہم کریں وہ سچی ہونی چاہیے تاکہ کوئی غلط تاثر یا دھوکہ پیدا نہ ہو۔
۵. اپنی ازدواجی حیثیت کے بارے میں سچ بولیں
مسنون نکاح پلیٹ فارم ہر قسم کی ازدواجی حیثیت کے مرد و خواتین کے لئے ہے — مگر دھوکہ دہی کی کوئی گنجائش نہیں
مسنون نکاح صرف پہلی شادی کے خواہشمند افراد تک محدود نہیں ہے۔ کسی بھی فرد کے ازدواجی حالات مختلف ہو سکتے ہیں۔ اصل اہمیت سچائی اور شفافیت کی ہے۔ غلط معلومات آپ کی شخصیت کو دوسروں کی نظر میں مجروح کرکے ہمیشہ کے لئے آپ کا وقار اور اعتماد خاک میں ملادیتی ہے، لہٰذا غلط بیانی سے مکمل اجتناب کریں۔
اپنے آپ کو غلط طور پر درج ذیل ظاہر نہ کریں اگر حقیقت اس کے برعکس ہو:
- غیر شادی شدہ (کنوارا / کنواری)
- طلاق یافتہ
- بیوہ / رانڈ
- فی الوقت شادی شدہ
- قانونی یا شرعی طور پر نکاح کے لیے آزاد
صارفین اپنے حالات کے مطابق شرعی، قانونی یا ذاتی تقاضوں کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کے خود ذمہ دار ہیں۔ مسنون نکاح اس بات کا تعین نہیں کرتا کہ آیا کوئی خاص شادی کسی فرد کے لیے قانونی یا شرعی لحاظ سے جائز ہے یا نہیں۔
۶. والدین اور دیگر افراد کے زیرِ انتظام پروفائلز میں بھی سچائی لازمی ہے
کسی کی مدد کرنے کا مطلب ان کا جھوٹا روپ دکھا کر دوسرے کو پھنسانا ہرگز نہیں ہے
والدین اور اہلِ خانہ رشتہ تلاش کرنے میں فعال اور مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔ جہاں مسنون نکاح خاندان کی شمولیت کی اجازت دیتا ہے، وہاں بھی متعلقہ فرد کا بالغ ہونا لازمی ہے۔
- متعلقہ بالغ فرد کے علم یا اجازت کے بغیر اس کا رشتہ درج کرنا۔
- اس فرد کی جگہ خود اس کا روپ دھار کر گمراہ کن انداز میں بات چیت کرنا۔
- ان کی طرف سے من گھڑت دعوے کرنا۔
- اہم حقائق کو محض اس لیے چھپانا کہ اکاؤنٹ گھر کا کوئی فرد چلا رہا ہے۔
خاندان کی شمولیت کا مقصد رشتہ تلاش کرنے میں مخلصانہ مدد دینا ہے، نہ کہ یہ الجھن پیدا کرنا کہ اصل میں رشتہ ہے کس کا ۔
۷. اصل اور باوقار تصاویر استعمال کریں
تصاویر کے ذریعے دھوکہ مت دیں
اگر آپ تصاویر اپ لوڈ کرتے ہیں، تو وہ آپ ہی کی ہونی چاہئے یا آپ کے پاس ان کے استعمال کی باقاعدہ اجازت ہونی چاہیے۔
- کسی دوسرے شخص کی تصویر اپ لوڈ کر کے اسے اپنی ظاہر کرنا۔
- شوبز یا مشہور شخصیات کی تصاویر لگانا۔
- مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ چہرے استعمال کرنا۔
- تصاویر میں ایسی شدید ایڈیٹنگ کرنا جس سے اصل شکل و صورت یا شناخت ہی بدل جائے۔
- غیر اخلاقی، نامناسب یا فحش تصاویر۔
- کسی کو ہراساں کرنے، دھمکانے یا تضحیک کے لیے استعمال کی جانے والی تصاویر۔
- بغیر اجازت حاصل کی گئی تصاویر۔
مسنون نکاح نامناسب یا گمراہ کن تصاویر کو مسترد یا ہٹانے کا مکمل حق رکھتا ہے۔
۸. نجی تصاویر کا تقدس برقرار رکھیں
تصویر دیکھنے کی اجازت کا مطلب اسے آگے پھیلانے کا حق نہیں
اگر کوئی ممبر آپ کو اپنی پرائیویٹ تصویر دیکھنے کی اجازت دیتا ہے، تو اس سے وہ تصویر پبلک نہیں ہو جاتی۔
- اجازت کے بغیر اسکرین شاٹ لے کر آگے نہ پھیلائیں۔
- اسے کہیں شائع نہ کریں۔
- کسی دوسرے کو فارورڈ نہ کریں۔
- کسی دوسری ویب سائٹ پر اپ لوڈ نہ کریں۔
- جعلی شناخت، بلیک میلنگ، مذاق اڑانے کے لیے استعمال نہ کریں۔
- ان تصاویر کا غیر قانونی یا غیر اخلاقی کسی طرح کا استعمال نہ کریں۔
نجی تصاویر کے غلط استعمال پر فوری تادیبی کارروائی اور قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
۹. فون نمبرز اور رابطے کی تفصیلات کا احترام کریں
کسی کا فون نمبر پبلک پراپرٹی نہیں ہے
اگر آپ کو پلیٹ فارم کے ذریعے کسی ممبر کا فون نمبر، ای میل، واٹس ایپ نمبر، سوشل میڈیا اکاؤنٹ یا کوئی دیگر نجی رابطہ حاصل ہوتا ہے، تو اسے صرف اور صرف شائستہ رشتہ سے متعلق گفتگو کے لیے استعمال کریں۔
- اسے کہیں بھی شائع ہرگز نہ کریں۔
- اسے فروخت ہرگز نہ کریں۔
- مارکیٹنگ یا پروموشنل لسٹوں میں شامل ہرگز نہ کریں۔
- کسی سے بھی بلا اجازت شیئر ہرگز نہ کریں۔
- کسی دوسرے میرج بیورو یا رشتے کروانے والے کو ہرگز نہ دیں۔
- اگر کوئی واضح طور پر منع کر دے، تو اس کے بعد بھی رابطہ جاری رکھنے کی کوشش ہرگز نہ کریں۔
ذاتی رابطے کی معلومات تک رسائی حاصل ہونے کے ساتھ اس کے تقدس اور رازداری کو برقرار رکھنے کی اخلاقی و قانونی ذمہ داری بھی آپ پر عائد ہوتی ہے۔
۱۰. باہمی رضامندی اور ذاتی حدود کا احترام
دلچسپی کا اظہار کسی بھی وقت واپس لیا جا سکتا ہے
کسی رشتے میں دلچسپی ظاہر کرنے سے یہ لازمی نہیں ہو جاتا کہ بات کو ہر حال میں آگے ہی بڑھایا جائے۔ کوئی بھی فرد کسی بھی مرحلے پر انکار کرنے کا پورا حق رکھتا ہے:
- پروفائل دیکھنے کے بعد
- دلچسپی کی درخواست قبول کرنے کے بعد
- میسجنگ کے دوران
- فون نمبرز کے تبادلے کے بعد
- خاندانوں کی بات چیت یا ملاقات کے بعد
- ابتدائی مثبت گفتگو کے بعد بھی
اگر سامنے والا واضح طور پر مزید بات نہ بڑھانے کا کہہ دے، تو اس کے فیصلے کا دل سے احترام کریں۔ بار بار رابطہ کر کے، دباؤ ڈال کر، دھمکی دے کر یا طعنے دے کر فیصلہ بدلوانے کی کوشش ہرگز نہ کریں۔ 'نہ' کا مطلب ہے کہ بات یہیں ختم ہو چکی ہے۔ رشتے زبردستی نہیں جوڑے جاسکتے۔
۱۱. ہمیشہ شائستہ اور مہذب انداز میں بات کریں
اختلاف کا مطلب گالی گلوچ یا بدتمیزی کا لائسنس نہیں
ہو سکتا ہے آپ کو کوئی رشتہ موزوں نہ لگے، یا ترجیحات، اقدار اور توقعات میں اختلاف ہو۔ اس کے باوجود گفتگو ہمیشہ باوقار ہونی چاہیے۔
- توہین آمیز الفاظ اور طعنےسے سختی سے پرہیز کریں
- دھمکیاں اور کسی بھی قسم کا دباؤڈالنے سے سختی سے پرہیز کریں
- گالی گلوچ اور نازیبا زبان کے استعمال سے سختی سے پرہیز کریں
- تذلیل اور تحقیرسے سختی سے پرہیز کریں
- بلیک میلنگ اور ڈرانے دھمکانے سے سختی سے پرہیز کریں
- غیر اخلاقی یا جنسی جملے کسنے سے سختی سے پرہیز کریں
- مسلسل ناپسندیدہ پیغامات سے سختی سے پرہیز کریں
- ذاتی حملے یا نجی معلومات عام کرنے کی دھمکی آپ کو قانونی طور پر بھی مشکل میں ڈال سکتی ہے۔
رشتے کے انکار پر کسی قسم کا بدلہ یا انتقامی کارروائی ہرگز قابلِ قبول نہیں۔
۱۲. ترجیحات کا احترام کے ساتھ اظہار کریں — تضحیک کی اجازت نہیں
اپنی پسند شائستگی سے بیان کریں
شادی ایک انتہائی ذاتی نوعیت کا اور زندگی بھر کا اہم فیصلہ ہے اور ہر ممبر اپنی ترجیحات رکھنے کا حق رکھتا ہے۔ آپ شائستگی کے دائرے میں رہ کر مطلوبہ خوبیاں بیان کر سکتے ہیں۔
تاہم مسنون نکاح کو درج ذیل کے لیے استعمال مت کریں:
- لوگوں کے کسی گروہ یا طبقے کی تذلیل کرنا۔
- نفرت انگیزی پھیلانا۔
- تضحیک آمیز القابات استعمال کرنا۔
- کسی کی نسل، برادری، قومیت، مذہب، معذوری یا خاندانی پس منظر پر طعنہ زنی کرنا۔
- اپنی ترجیحات پر پورا نہ اترنے والوں کے لیے حقارت آمیز باتیں کرنا۔
"مجھے اپنے لیے فلاں خوبیوں یا شرائط کا حامل شریکِ حیات درکار ہے۔"
"جو لوگ ان خصوصیات کے حامل نہیں، وہ ہمارے اریب قریب بھی نہ پھٹکیں۔"
پہلی بات ایک جائز ازدواجی ترجیح ہے، جبکہ دوسری بات سراسر تضحیک اور غیر اخلاقی رویہ ہے۔
۱۳. مذہبی امور پر گفتگو سنجیدہ اور شائستہ رکھیں
ازدواجی پسند کا مطلب فرقہ وارانہ منافرت کا جواز نہیں
مذہبی رجحان اور عقائد ازدواجی ہم آہنگی کے لیے اہم ترین ہیں، لہٰذا ان پر شائستگی اور سنجیدگی سے بات کی جا سکتی ہے۔
مسنون نکاح کو درج ذیل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش نہ کریں:
- فرقہ وارانہ گالی گلوچ یا بدکلامی
- مذہبی توہین یا مسلکی طعنے
- دوسرے ممبرز کو جان بوجھ کر اشتعال دلانا
- نازیبا زبان کے ذریعے دوسروں کو کمتر قرار دینا
- رشتے کی بات کو جارحانہ مسلکی بحث یا مناظرے میں تبدیل کرنا
اگر کوئی مذہبی نکتہ آپ کی شادی کے لیے اہم ہے، تو اس پر سنجیدگی اور شائستگی سے بات کریں۔ جہاں کسی شرعی مسئلے پر فتوے یا رہنمائی کی ضرورت ہو، وہاں کسی مستند مفتی یا عالمِ دین سے رجوع کریں، بجائے اس کے کہ کسی دوسرے ممبر یا سپورٹ ٹیم سے مناظرہ شروع کر دیا جائے۔
۱۴. ہراسانی اور بار بار ناپسندیدہ رابطوں کی ممانعت
جب کوئی رابطہ ختم کرنے کا کہے تو رک جائیں
جب کوئی ممبر بات آگے بڑھانے سے معذرت کر لے، تو اس کا پیچھا نہ کریں۔
- بار بار ناپسندیدہ پیغامات اور کالز کرنا۔
- بلاک ہونے کے بعد دوسرے نمبروں سے کال کرنا۔
- رابطہ کرنے کے لیے فیک اکاؤنٹ بنانا۔
- رشتہ داروں یا دوستوں کے ذریعے دباؤ ڈلوانا۔
- بدنام کرنے کی دھمکی دینا۔
- بلا جواز ان کے کام کی جگہ (آفس) پر رابطہ کرنا۔
- انکار کے بعد ان کے اہلِ خانہ کو بار بار پیغامات بھیجنا۔
اصرار اور پیچھا کرنا ہراسانی کہلاتا ہے، اور ہر فرد ایسے رویے کے خلاف سخت ترین قانونی و تادیبی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔
۱۵. جنسی ہراسانی اور فحش مواد کی قطعی ممانعت
گفتگو کو سنجیدہ رشتے کے وقار کے مطابق رکھیں
مسنون نکاح کوئی ایڈلٹ انٹرٹینمنٹ یا جنسی مواد کا پلیٹ فارم نہیں ہے۔
- برہنہ، نیم برہنہ یا جنسی نوعیت کی تصاویر
- غیر اخلاقی ویڈیوز
- فحش مواد
- رشتے سے ہٹ کر بے ہودہ جنسی گفتگو یا مطالبات
- ناپسندیدہ جنسی نوعیت کے سوالات
- ہتک آمیز اور غیر اخلاقی تبصرے
- کسی ممبر کو دباؤ میں لانے یا شرمندہ کرنے کی نیت سے بھیجا گیا لکھا ہوا یا آڈیویاویڈیو پیغام
باہمی مطابقت کے لیے بعض حساس امور پر گفتگو ضروری ہو سکتی ہے، لیکن ایسی گفتگو مناسب وقت پر، باہمی رضا مندی اور مکمل شائستگی سے ہونی چاہیے—نہ کہ ہراسانی یا بے ہودگی کے ذریعے۔
۱۶. دھمکی، بلیک میلنگ اور پیسوں وغیرہ کے مطالبہ کی ممانعت
نجی معلومات کو ہتھیار کے طور پر استعمال نہ کریں
کسی بھی فرد کو دھمکیاں دینا سخت ترین جرم ہے:
- نجی تصاویر یا چیٹ وائرل کرنے کی دھمکیاں دینا سخت ترین جرم ہے
- رشتے کے کوائف یا ذاتی گفتگو پبلک کرنے کی دھمکیاں دینا سخت ترین جرم ہے
- ان کے ادارے یا باس سے رابطہ کرنے کی دھمکیاں دینا سخت ترین جرم ہے
- خاندان میں بدنام کرنے کی دھمکیاں دینا سخت ترین جرم ہے
- سوشل میڈیا پر نجی معلومات پھیلانے کی دھمکیاں دینا سخت ترین جرم ہے
- جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگانے کی دھمکیاں دینا سخت ترین جرم ہے
- خاموش رہنے کے بدلے رقم یا مراعات مانگنے کی دھمکیاں دینا سخت ترین جرم ہے
- کسی بھی قسم کا ناجائز دباؤ ڈالنے کی دھمکیاں دینا سخت ترین جرم ہے
دھمکیاں، بلیک میلنگ اور بلیک میل کر کے پیسے مانگنا ناقابلِ معافی جرائم ہیں۔ مسنون نکاح ایسے معاملات میں متعلقہ ریکارڈ کو قانونی اداروں کے حوالے کرنے اور مکمل قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
۱۷. مالی فراڈ اور مشکوک رقوم کے مطالبات سے پرہیز
رشتہ چندہ اکٹھا کرنے یا پیسے مانگنے کا ذریعہ نہیں
مسنون نکاح کو کسی سے دھوکے سے رقم حاصل کرنے کے لیے استعمال نہ کریں۔
- ہنگامی ادھار یا مجبوری
- میڈیکل ایمرجنسی اور ہسپتال کے بل
- سفری اخراجات اور ٹکٹ کے پیسے
- ویزا اور امیگریشن پروسیسنگ کے اخراجات
- منافع بخش کاروباری سرمایہ کاری کی پیشکش
- گفٹ کارڈز یا کرپٹو کرنسی کا مطالبہ
- کسٹمز ڈیوٹی چھڑوانے کے بہانے
- موبائل بیلنس کا مطالبہ
- بینک یا ایزی پیسہ/جاز کیش ٹرانسفر کے مطالبات
- کسی تیسرے بندے کے اکاؤنٹ میں رقم وصول کروانا
سنجیدہ رشتہ تلاش کرنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ مالی معاملات میں لاپرواہی برتی جائے۔ مشتبہ مالی مطالبات کی فوری رپورٹ کریں۔
۱۸. پاس ورڈ، پن کوڈ یا او ٹی پی (OTP) کبھی نہ مانگیں
اپنے اکاؤنٹ اور مالی سلامتی کا تحفظ کریں
کسی بھی ممبر سے درج ذیل خفیہ معلومات کبھی نہ مانگیں اور نہ ہی کسی کو فراہم کریں:
- مسنون نکاح کا پاس ورڈ
- ای میل یا سوشل میڈیا کا پاس ورڈ
- بینک یا اے ٹی ایم کا پن کوڈ (PIN)
- ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کا پن اور سی وی وی (CVV)
- ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) یا لاگ ان کوڈز
مسنون نکاح کی سپورٹ ٹیم بھی آپ سے کبھی آپ کا خفیہ پاس ورڈ یا بینک او ٹی پی نہیں مانگتی۔ ایسی کوئی بھی معلومات مانگنے والے شخص سے فوراً ہوشیار ہو جائیں۔
۱۹. جعلی شناخت اور دھوکہ دہی کی ممانعت
وہی بنیں جو آپ حقیقت میں ہیں
کسی کا جھوٹا روپ مت دھاریں، مثلاً:
- کسی دوسرے ممبر کا روپ
- متوقع شریکِ حیات کے بارے میں جھوٹ
- والدین یا خاندان کا غیر مجاز نمائندہ بننا
- مسنون نکاح کے عملے کا نمائندہ بننا
- کوئی مفتی، عالمِ دین یا مذہبی رہنما بننا
- سرکاری افسر، وکیل، ڈاکٹر یا کوئی جعلی پروفیشنل بننا
- کسی جعلی تنظیم یا ادارے کا نمائندہ ظاہر کرنا
مسنون نکاح کے نام سے جعلی اسکرین شاٹس، جعلی سپورٹ میسجز یا جعلی پیمنٹ ہدایات بنانا سخت ممنوع ہے۔
۲۱. ڈیٹا چوری اور اسکریپنگ کی ممانعت
کوائف کا ڈیٹا پبلک پراپرٹی نہیں ہے
کسی بھی خودکار سافٹ ویئر، بوٹس (Bots) یا دستی طریقے سے ممبرز کے نام، تصاویر، فون نمبرز، ای میل ایڈریس، خاندانی کوائف یا دیگر معلومات کو کسی غیر متعلقہ مقصد کے لیے چرانا یا محفوظ کرنا سخت ممنوع ہے۔
- پلیٹ فارم سے ڈیٹا چرانا (Scraping)۔
- رشتوں کا متوازی ڈیٹا بیس تیار کرنا۔
- کوائف کو دوسری ویب سائٹس پر شائع کرنا۔
- معلومات کو فروخت کرنا۔
- ممبرز کے نجی ڈیٹا کو اے آئی (AI) ماڈلز سکھانے کے لیے استعمال کرنا۔
- مارکیٹنگ یا دوسرے میرج بیوروز کے لیے فون نمبرز اکٹھے کرنا۔
رشتے کی تلاش کے لیے فراہم کی گئی رسائی کو صرف اسی دائرے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
۲۲. سیکیورٹی کنٹرولز کو بائی پاس کرنے کی ممانعت
حفاظتی حدود اور قوانین کی پابندی کریں
درج ذیل سیکیورٹی فیچرز اور پابندیوں کو بائی پاس کرنے یا توڑنے کی کوشش نہ کریں:
- لاگ ان اور تصدیقی تقاضے
- پروفائل کی اہلیت کے قواعد
- رابطے کی تفصیلات تک رسائی کے اصول
- نجی تصاویر کی پرمیشنز
- یوزر انٹرسٹ کی حدود
- رپورٹنگ سسٹم
- اکاؤنٹ پر لگی عارضی یا مستقل پابندیاں
- فیس کے نظام یا سیکیورٹی کنٹرولز
اس میں اکاؤنٹ پر پابندی لگنے کے بعد نیا اکاؤنٹ بنا کر سیکیورٹی سسٹم کو چکمہ دینے کی کوشش بھی شامل ہے۔
۲۳. رپورٹنگ کے فیچر کا غلط استعمال نہ کریں
نیک نیتی کے ساتھ رپورٹ درج کریں
رپورٹ کا نظام ممبرز کی حقیقی شکایات اور تحفظ کے لیے بنایا گیا ہے۔
محض اس لیے جھوٹی رپورٹ درج نہ کریں کہ:
- کسی نے آپ کا رشتہ رد کر دیا۔
- کسی نے آپ کے میسج کا جواب نہیں دیا۔
- خاندان نے کسی اور رشتے کو ترجیح دی۔
- آپ کا کوئی معمولی ذاتی اختلاف ہوا۔
- آپ محض ذاتی رنجش کی وجہ سے کسی کو ہٹوانا چاہتے ہیں۔
جان بوجھ کر من گھڑت یا بدنیتی پر مبنی رپورٹنگ خود آپ کے اپنے اکاؤنٹ کے خلاف کارروائی کا سبب بن سکتی ہے۔
۲۴. کن معاملات کی رپورٹ کرنی چاہیے؟
کوئی غلط بات نظر آئے تو ہمیں فوراً مطلع کریں
اگر آپ کو درج ذیل میں سے کسی چیز کا شبہ ہو تو فوری رپورٹ کریں:
- جعلی یا گمراہ کن پروفائلز
- جعلی شناخت یا کسی کا روپ دھارنا
- کم عمری (18 سال سے کم) کا شبہ
- چوری شدہ تصاویر
- ہراسانی اور دھمکیاں
- بلیک میلنگ
- جنسی نوعیت کی گفتگو یا ہراسانی
- مشکوک مالی مطالبات یا فراڈ
- اسپیم اور کاروباری تشہیر
- فون نمبرز کا غلط استعمال
- نجی تصاویر کا غلط استعمال
- پلیٹ فارم کے اصولوں کو توڑنے کی کوششیں
جب بھی ممکن ہو، متعلقہ ممبر، پروفائل یا گفتگو کے ساتھ دیے گئے رپورٹ (Report) کے بٹن کا استعمال کریں۔ اس سے انتظامیہ کو صورتِ حال سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے۔
۲۵. رپورٹ درج کروانے کے بعد کیا ہوتا ہے؟
رپورٹس کا باقاعدہ جائزہ لیا جاتا ہے — یہ ازخود جرم کا ثبوت نہیں ہوتیں
رپورٹ موصول ہونے پر دستیاب معلومات کی چھان بین شروع کی جاتی ہے۔ صورتِ حال کے مطابق مسنون نکاح درج ذیل کا جائزہ لے سکتا ہے:
- رپورٹ کردہ پروفائل کے کوائف
- اکاؤنٹ کی تفصیلات
- پلیٹ فارم پر ہونے والی متعلقہ بات چیت
- سابقہ رپورٹس یا انتظامی ہسٹری
- ثبوت کے طور پر فراہم کردہ اسکرین شاٹس
- دیگر دستیاب تکنیکی شواہد
محض رپورٹ ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ متعلقہ ممبر نے لازماً خلاف ورزی کی ہے۔ مسنون نکاح کوئی بھی مناسب کارروائی کرنے سے پہلے تمام دستیاب شواہد اور سیاق و سباق کا بغور جائزہ لیتا ہے۔
۲۶. رپورٹ کرنے والے سے انتقامی کارروائی کی ممانعت
شکایت کا ازالہ ہراسانی کا نیا ذریعہ نہیں بننا چاہیے
اگر آپ کو لگتا ہے کہ کسی نے آپ کے خلاف رپورٹ کی ہے، تو اس پر غصہ نکالنے، دھمکانے، بدنام کرنے یا ہراساں کرنے کی کوشش نہ کریں۔ شکایت کنندہ کے خلاف انتقامی رویہ مزید سخت تادیبی کارروائی کا سبب بنے گا۔
پرائیویسی، سلامتی اور شفافیت کے تحفظ کے لیے مسنون نکاح شکایت کرنے والے کی شناخت خفیہ رکھتا ہے۔
۲۷. واٹس ایپ پر منتقل ہونے کے بعد بھی یہ اصول لاگو رہتے ہیں
پلیٹ فارم سے باہر بھی اخلاقی اور باوقار رویہ برقرار رکھیں
ممبرز باہمی رضامندی سے گفتگو کو آگے بڑھانے کے لیے واٹس ایپ، فون کالز، ای میل، خاندانی ملاقات یا آمنے سامنے بات چیت کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
مسنون نکاح پلیٹ فارم سے باہر پیش آنے والے ہر واقعے کو کنٹرول نہیں کر سکتا۔ تاہم اگر کوئی معتبر ثبوت یہ ظاہر کرے کہ کسی ممبر نے مسنون نکاح کے رابطے کو فراڈ، ہراسانی، بلیک میلنگ، سنگین بدسلوکی یا دیگر ممنوعہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا ہے، تو اس بنیاد پر اس کا اکاؤنٹ مسنون نکاح سے مستقل طور پر ختم کیا جا سکتا ہے۔
۲۸. پلیٹ فارم سے باہر بات چیت کے دوران اپنی حفاظت یقینی بنائیں
مسنون نکاح سے باہر رابطہ منتقل کرنے سے قبل درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کریں:
- تسلی کریں کہ آپ آگے بڑھنے کے لیے واقعی مطمئن ہیں۔
- اہم معلومات اور شناخت کی پہلے خود تسلی کریں۔
- نجی اور خاندانی تفصیلات یکدم بتانے کے بجائے آہستہ آہستہ شیئر کریں۔
- شروع ہی سے اپنے بااعتماد اہلِ خانہ کو اعتماد میں رکھیں۔
- پیسوں کے کسی بھی مطالبے سے سختی سے ہوشیار رہیں۔
- بلا ضرورت انتہائی حساس شناختی دستاویزات شیئر کرنے سے گریز کریں۔
- اگر کوئی خطرہ یا مشکوک بات نظر آئے تو فوری طور پر رابطہ منقطع کر دیں۔
جب ایک بار معلومات کسی بیرونی سروس (جیسے واٹس ایپ) پر شیئر ہو جائیں، تو مسنون نکاح کے پرائیویسی کنٹرولز اس بات کو کنٹرول نہیں کر سکتے کہ دوسرا شخص ان معلومات کے ساتھ کیا برتاؤ کرتا ہے۔
۲۹. خاندان کے باوقار کردار کا احترام کریں — زبردستی اور دباؤ کی ممانعت
خاندان معاونت کے لیے ہے — جبر اور زبردستی کے لیے نہیں
والدین اور اہلِ خانہ رشتہ تلاش کرنے میں مثبت اور فعال کردار ادا کرتے ہیں۔ تاہم خاندان کی شمولیت کو درج ذیل کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے:
- کسی کو زبردستی رشتے پر مجبور کرنا۔
- دوسرے خاندان کو دھمکانا یا دباؤ میں لانا۔
- انکار کرنے پر کسی کی تذلیل کرنا۔
- کسی کے واضح انکار کے بعد بھی بار بار رابطہ کرنا۔
- جھوٹے خاندانی دعوے کرنا۔
- بالغ فرد کی اپنی مرضی اور فیصلے کو نظر انداز کرنا۔
شادی کے بندھن میں بندھنے والے افراد کو باخبر اور آزادانہ فیصلہ کرنے کا پورا حق حاصل ہونا چاہیے۔
۳۰. ہر رشتے کی بات نکاح تک نہیں پہنچتی — نتائج کو کشادہ دلی سے قبول کریں
رشتے کی بات چیت کئی وجوہات کی بنا پر رک سکتی ہے، مثلاً:
- باہمی مزاج اور فہم کا نہ ملنا
- خاندانی حالات یا ترجیحات
- شہر، ملک یا رہائش کا فاصلہ
- مستقبل کے کیریئر اور تعلیمی منصوبے
- ذاتی اور مذہبی توقعات کا فرق
- وقت کا مناسب نہ ہونا
- باہمی دلچسپی کی کمی
کسی رشتے کا نہ ہونا یہ ظاہر نہیں کرتا کہ کسی فریق نے کوئی غلط کام کیا ہے۔ تمام ممبرز سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ انکار کو بالغ نظری، شائستگی، اور کشادہ دلی کے ساتھ قبول کریں۔
۳۱. نجی اور رازدارانہ باتوں کا تحفظ کریں
ذاتی گفتگو کو ہمیشہ نجی ہی رہنا چاہیے
صرف اس لیے کہ رشتہ طے نہیں پایا، دوسرے ممبر کی نجی بات چیت کو سوشل میڈیا پر سرِعام نہ کریں۔ نجی پیغامات، تصاویر یا ذاتی تفصیلات کو انٹرنیٹ پر درج ذیل مقاصد کے لیے ڈالنا سخت ممنوع ہے:
- انتقام اور بدلہ
- تذلیل اور تماشا بنانا
- افواہیں اور گپ شپ
- سوشل میڈیا پر وائرل ہونا اور لائکس بٹورنا
- عوامی سطح پر بدنام کرنا
اگر کوئی حقیقی سیکیورٹی یا قانونی خطرہ ہو تو معلومات کو قانونی اداروں یا مسنون نکاح کی سپورٹ ٹیم کے ساتھ شیئر کرنا جائز ہے، لیکن سوشل میڈیا پر تماشا بنانا ناقابلِ قبول ہے۔
۳۲. پلیٹ فارم کے حفاظتی انتظامات آپ کی ذاتی تصدیق کا نعم البدل نہیں
منظور شدہ پروفائل صرف ایک شروعات ہے
اگرچہ مسنون نکاح پروفائلز کا انتظامی جائزہ لیتا ہے اور ان اصولوں کا نفاذ کرتا ہے، لیکن وہ ہر شخص کے ہر بیان کی سچائی کی قانونی ضمانت نہیں دے سکتا۔
زندگی کا اتنا بڑا فیصلہ کرنے سے قبل اہم امور کی آزادانہ ذرائع سے خود تصدیق ضرور کریں۔ آپ کی ترجیح کے مطابق اس میں درج ذیل شامل ہو سکتے ہیں:
- اصل شناختی کوائف اور عمر
- ازدواجی حیثیت (کنوارا، طلاق یافتہ، دوسری شادی وغیرہ)
- تعلیم اور ڈگریاں
- نوکری، کاروبار اور آمدنی کے دعوے
- خاندانی پس منظر اور رہائش
- ویزا، پاسپورٹ یا امیگریشن کے دعوے
- دیگر تمام اہم مالی و سماجی بیانات
۳۳. قواعد کی خلاف ورزی پر کارروائی کا طریقۂ کار (Enforcement)
اگر کوئی رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کرے تو کیا ہوگا؟
مسنون نکاح معاملے کی نوعیت، شواہد، سابقہ رویے اور دوسرے ممبرز کے تحفظ کو مدنظر رکھ کر درج ذیل میں سے کوئی بھی قدم اٹھا سکتا ہے:
- رہنمائی یا وارننگ: معمولی غلطی کی صورت میں ممبر کو اصول واضح کر کے اصلاح کا موقع دیا جاتا ہے۔
- مواد یا پروفائل میں تبدیلی: غیر مناسب مواد، الفاظ یا تصاویر کو مسترد، پوشیدہ یا ڈیلیٹ کر دیا جاتا ہے۔
- فیچرز پر پابندی: مخصوص فیچرز (جیسے میسجنگ یا کانٹیکٹ ایکسیس) تک رسائی عارضی یا مستقل بند کر دی جاتی ہے۔
- پروفائل کی معطلی: معاملے کی چھان بین مکمل ہونے تک رشتہ وقتی طور پر پبلک ویو سے ہٹا دیا جاتا ہے۔
- اکاؤنٹ کی معطلی: اکاؤنٹ تک رسائی عارضی طور پر روک دی جاتی ہے۔
- اکاؤنٹ کا مستقل خاتمہ: سنگین یا بار بار خلاف ورزی کی صورت میں اکاؤنٹ مستقل طور پر ڈیلیٹ کر دیا جاتا ہے۔
- اضافی قانونی کارروائی: قانونی تقاضوں یا سلامتی کے پیشِ نظر مسنون نکاح متعلقہ ریکارڈ محفوظ رکھ سکتا ہے یا قانونی اداروں کو مطلع کر سکتا ہے۔
۳۴. سنگین خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی
کچھ سرگرمیاں اتنی سنگین ہوتی ہیں جن پر پیشگی وارننگ کے بغیر فوری اور سخت ترین ایکشن لیا جاتا ہے، مثلاً:
- مالی فراڈ، دھوکہ دہی اور اسکامز
- بلیک میلنگ اور سنگین دھمکیاں
- جعلی شناخت (Impersonation)
- چوری شدہ نجی تصاویر کا استعمال
- جنسی ہراسانی
- کسی کا ڈیٹا انٹرنیٹ پر لیک کرنا
- پلیٹ فارم کی سیکیورٹی کو نقصان پہنچانے کی کوشش
- سابقہ پابندی کے باوجود بار بار ہراسانی کرنا
۳۵. اپیل اور وضاحت
کیا آپ کو لگتا ہے ہم سے فیصلے میں غلطی ہوئی؟
اگر آپ کے پروفائل یا اکاؤنٹ پر کوئی پابندی لگی ہے اور آپ سمجھتے ہیں کہ یہ فیصلہ کسی غلط فہمی یا غلط معلومات کی بنیاد پر ہوا ہے، تو آپ سپورٹ ٹیم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
- آپ کس فیصلے کے جائزے کی درخواست کر رہے ہیں؟
- آپ کے خیال میں یہ فیصلہ کیوں غلط تھا؟
- معاملے کا پس منظر اور سیاق و سباق
- کوئی بھی جائز ثبوت یا وضاحت جو آپ پیش کرنا چاہیں
اپیل جمع کروانے کا مطلب فیصلے کی لازمی واپسی نہیں ہے۔ دستیاب شواہد کی بنیاد پر مسنون نکاح اپنے فیصلے کو برقرار رکھنے کا مکمل اختیار رکھتا ہے۔
۳۶. رہنما اصول اور ہمارے قواعد و ضوابط (Terms & Conditions)
یہ کمیونٹی گائیڈ لائنز متوقع اخلاقی رویوں کو آسان اور قابلِ فہم زبان میں بیان کرتی ہیں۔
ہمارے باقاعدہ 'قواعد و ضوابط' مسنون نکاح کے استعمال کا قانونی فریم ورک تشکیل دیتے ہیں۔ اگر ان گائیڈ لائنز اور قواعد و ضوابط میں کوئی تضاد پیدا ہو، تو قانونی طور پر قواعد و ضوابط (Terms & Conditions) ہی کو حتمی مانا جائے گا۔
۳۷. رہنما اصول اور پرائیویسی پالیسی
یہ رہنما اصول واضح کرتے ہیں کہ صارفین کو ایک دوسرے کے ڈیٹا کے ساتھ کیسا برتاؤ کرنا چاہیے۔
اس بارے میں مکمل تفصیلات جاننے کے لیے کہ خود مسنون نکاح آپ کی ذاتی معلومات کیسے حاصل، محفوظ اور استعمال کرتا ہے، ہماری پرائیویسی پالیسی کا مطالعہ کریں۔
۳۸. رہنما اصولوں میں وقتاً فوقتاً تبدیلی
مسنون نکاح درج ذیل وجوہات کی بنا پر ان رہنما اصولوں کو وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ کر سکتا ہے:
- نئے فیچرز کے تعارف پر
- غلط استعمال کی نئی صورتیں سامنے آنے پر
- حفاظتی طریقۂ کار کو مزید بہتر بنانے کے لیے
- صارفین کے فیڈ بیک کی روشنی میں
- ملکی قوانین اور قانونی تقاضوں میں تبدیلی کی صورت میں
کسی بھی اہم تبدیلی کی صورت میں صفحے کے شروع میں 'آخری ترمیم کی تاریخ' اپ ڈیٹ کر دی جائے گی۔
۳۹. آئیے مل کر ایک باوقار ازدواجی ماحول بنائیں
سنجیدہ نیت محض ایک شروعات ہے
ایک بہترین ازدواجی پلیٹ فارم صرف اس بات سے قائم نہیں ہوتا کہ لوگ شادی کے خواہشمند ہیں۔ اس کے لیے درکار ہے:
- سچائی اور دیانت
- پرائیویسی اور رازداری کا پاس
- ایک دوسرے کا احترام
- صبر و تحمل
- خاندان کی باوقار شمولیت
- اور جب کوئی رشتہ آگے نہ بڑھے تو اسے بالغ نظری سے قبول کرنے کا ظرف۔
مسنون نکاح رشتہ تلاش کرنے کا ایک محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ ہر ممبر اس نظام کو ذمہ داری سے استعمال کر کے اور دوسروں کے ساتھ وہی عزت کا برتاؤ کر کے ہمارا ساتھ دے سکتا ہے جس کی وہ اپنے گھر والوں کے لیے توقع رکھتا ہے۔
کمیونٹی کے بنیادی اصول — ایک نظر میں
- ✔ مسنون نکاح کو صرف اور صرف جائز و باوقار نکاح کے لیے استعمال کریں۔
- ✔ عمر 18 سال یا اس سے زائد ہونی چاہیے۔
- ✔ اپنے پروفائل میں سچی اور درست معلومات درج کریں۔
- ✔ کسی دوسرے کا روپ نہ دھاریں اور نہ جعلی شناخت بنائیں۔
- ✔ اگر سامنے والا انکار کر دے، تو اس کے فیصلے کا احترام کریں۔
- ✔ کسی کو ہراساں نہ کریں، دھمکی نہ دیں اور بلیک میل نہ کریں۔
- ✔ کوئی غیر اخلاقی یا جنسی مواد نہ بھیجیں۔
- ✔ پرائیویٹ تصاویر اور فون نمبرز کا غلط استعمال کبھی نہ کریں۔
- ✔ کسی سے مشکوک مالی مطالبات یا پیسے مانگنے سے مکمل گریز کریں۔
- ✔ اپنے پاس ورڈز، پن کوڈز اور او ٹی پی (OTP) کبھی کسی سے شیئر نہ کریں۔
- ✔ پلیٹ فارم سے کوائف یا فون نمبرز چرانے کی کوشش نہ کریں۔
- ✔ رپورٹ کے آپشن کو دیانت داری اور نیک نیتی سے استعمال کریں۔
- ✔ شادی کا فیصلہ کرنے سے قبل اہم کوائف کی خود آزادانہ تصدیق کریں۔
- ✔ ہر ممبر اور خاندان کے ساتھ عزت سے پیش آئیں—خواہ جواب 'نہ' ہی کیوں نہ ہو۔
کیا آپ سنجیدہ اور باوقار انداز میں رشتہ تلاش کرنے کے لیے تیار ہیں؟
اگر آپ مخلصانہ طور پر شادی کے خواہشمند ہیں اور اس سفر میں ملنے والے افراد کا احترام کرنے کے لیے تیار ہیں، تو مسنون نکاح آپ ہی کے لیے بنایا گیا ہے۔
